ناصر جمشید کی شادی مشکلات سے دوچار

لاہور(ویب ڈیسک )اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل اوپننگ بلے باز ناصر جمشید ایک اور مشکل میں پڑگئے اور ان کے اپنی اہلیہ ڈاکٹر ثمرہ افضل کے ساتھ اختلافات کھل کر سامنے آگئے تاہم اہلیہ نے علیحدگی کی تردید کی ہے ۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطل کرکٹر ناصر جمشید کو پاکستان سپر لیگ کے اسکینڈل میں مرکزی ملزم قرار دیا جا رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ وہ نئی مشکل میں پھنستے چلے جا رہے ہیں لیکن ابھی وہ اس مشکل سے نکل بھی نہ پائے تھے کہ ان کی ذاتی زندگی میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہو گئی۔

اس بات کو تقویت اس وقت ملی جب ناصر جمشید کی اہلیہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ رشتے ٹوٹ جاتے ہیں مگر زندگی چلتی رہنی چاہیے۔

ان کی اس ٹوئٹ پر چند لوگوں نے جہاں ان سے ہمدردی کرتے ہوئے دلاسا دیا وہیں چند نے ان سے رشتہ ٹوٹنے کی وجہ بھی دریافت کی لیکن ثمرہ نے کسی بھی ٹوئٹ کا جواب نہیں دیا۔

البتہ بعد میں انہوں نے اپنی ٹوئٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں میڈیا کو یہ خبر کہاں سے مل گئی کہ میرے اور ناصر کے درمیان طلاق ہو گئی ہے۔ یہ غلط خبر ہے۔

یاد رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد ناصر جمشید کی اہلیہ اپنے شوہر کی حمایت میں کھل کر سامنے آ گئی تھیں اور انہوں نے الزامات لگانے والوں کو عدالت لے جانے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔