نواز شریف کے قافلے کی رفتار بڑھائیں، سابق وزیراعظم کے ڈرائیور خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر قافلے کی رفتار بڑھ گئی، جہلم میں اگلے پڑاؤ کا امکان

راولپنڈی ( آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے قافلے میں شامل گاڑیوں کی سپیڈ بڑھانے کی ہدایت کر دی جس کے بعد قافلے میں شامل گاڑیوں کی رفتار بڑھا دی گئی اور 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار پر قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے جس کا ممکنہ طورپر اگلا قیام جہلم میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نوازشریف کے قافلے کی رفتار بڑھا ئی گئی تاکہ بروقت اگلی منزل پر پہنچ سکیں۔

تفصیل کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی گاڑی وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ڈرائیو کر رہے ہیں جنہوں نے قافلے کے شرکا کو ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کی سپیڈ بڑھائی جائے جس پر قافلے نے شرکا نے ہدایت ملتے ہی گاڑیوں کی سپیڈ بڑھا د ی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق نوازشریف کا قافلہ روات کے بعد منگلہ کے استقبالیہ کیمپ پر بھی نہیں رکا اور اس کا اگلا پڑاؤ جہلم میں ہوگا جہاں کارکنان کو پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی ریلی جہلم کی جانب گامزن ہے اورنوازشریف گاڑی میں سوار ہے جبکہ خصوصی طورپر تیار کرایا گیا کنٹینر بھی قافلے میں شامل ہے ۔