ملک میں سماجی اور معاشی انصاف کا فقدان ، ایسا نظام لاﺅں گاکہ90روز میں عام آدمی کو انصاف مل جائے: نواز شریف

لاہور( آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مشن جی ٹی روڈ لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا ہے، اپنے اختتامی خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس ملک میں سماجی انصاف ہے اور نہ ہی معاشی انصاف ، میں ایسا نظام لاﺅں گا کہ عام آدمی کو 90روز میں گھر کی دہلیز پر انصاف مہیا ہو سکے,ہمیں ملک کی ترقی کے لئے آئین میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ عوام کے حق حاکمیت کو منوانے کے لئے کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہ مل سکے۔

پنجاب ہاﺅس اسلام آباد سے شروع ہونے والا مشن جی ٹی روڈ لاہور کے داتا دربار پر اختتام پذیر ہو گیا ہے ، اپنے اختتامی خطاب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں نہ سماجی انصاف ہے اور نہ ہی معاشی انصاف ہے، 30،30 سال سے مقدمے لٹکے ہوئے ہیں، میرے ذہن میں ایسا خاکہ تیار ہے کہ 90دنوں کے اندراندر عام آدمی کو گھر کی دہلیز پر انصاف میسر آسکے ۔ ہمیں آئین اورنظام بدلنا ہوگا اور ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے ہمیں اس سسٹم کوبدلنا ہوگا۔