عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے : ترکی

انقرہ (صباح نیوز) ترک قیادت نے پاکستان کی حمایت کے عزم کو دہراتے ہو ئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے ، منگل کے روز وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم بنیالی سے ملا قا تیں کیں جس میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال اور مختلف بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔

ترک قیادت نے افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیااور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ ملاقات میں ترک وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرترک قیادت کا کہنا تھا پاکستان اور ترکی کے تعلقات دیرینہ ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ساٹھ ہزار پا کستا نیوں نے قیمتی جانیں گنوائیں، عالمی برادری پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرے، ترک صدراور وزیر اعظم نے خواجہ آصف کو وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر بھی مبارکباد دی، جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ترک قیادت کو خطے اور خصوصاًافغانستان کی صورتحال سے متعلق بتا یا ، اس موقع پر پاک ترکی تعلقات کو مزید مربوط بنانے اور مستقبل قریب میں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔