جنرل (ر) رضوان اختر راحیل شریف کے ساتھ اسلامی ملکوں کی مشترکہ فوج میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں :مجیب الرحمان شامی

لاہور ( آن لائن )سینئر صحافی اور تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ مجھے میرے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل(ر) رضوان اختر شائد اسلامی ملکوں کی بننے والی مشترکہ فوج میں راحیل شریف کے ساتھ چلے جائیں ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام ’نقطہ نظر ‘میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی کا کہناتھا کہ جنرل رضوان اختر میرے پسندیدہ جنرلز میں سے ایک ہیں ،میری ان سے اس وقت ملاقات ہوئی تھی جب وہ کراچی میں ڈی جی رینجرز تھے ،انہوں نے جس طرح کراچی آپریشن شروع کیا اور اس میں پیش قدمی کی وہ تاریخ کا حصہ ہے ،وہ ہمارے ہیرو ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک ذرائع سے معلوم ہواہے کہ جنرل(ر) رضوان اختر شائد راحیل شریف کے ساتھ اس فوج میں چلے جائیں جو اسلامی ملکوں کی مشترکہ فوج ہے ،میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں میرے بہت پسندیدہ جنریلوں میں سے تھے ۔

ان کا کہناتھا کہ لیفٹیننٹ جنرل غلام مصطفیٰ نے کہاہے کہ انہیں کور پیش کی گئی تھی لیکن انہوں نے قبول نہیں کی۔مجیب الرحمان شامی کا کہناتھا کہ مجھے ذرائع سے معلوم ہواہے کہ جنرل (ر)رضوان اختر بیگ سے جونیئر عاصم سلیم باجوہ جو ان کے ایک سال بعد لیفٹیننٹ جنرل بنے ان کو کور ملی تو انہوں نے مناسب سمجھا کہ ریٹائرمنٹ لے لیں ،یہ فوج کا اندرونی معاملہ ہے اس پر کوئی دخل نہیں دے سکتے اور نہ ہی کوئی تبصرہ کر سکتے ہیں ۔