’اس نمبر پر کال کر کے ہمیں اطلاع دو اگر غیر ملکی۔۔۔‘ سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کو حکم دے دیا

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں اقامہ، لیبر، اور بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے غیر ملکیوں کو دی گئی مہلت آج (بروز منگل) ختم ہو رہی ہے اور کل سے ان غیر ملکیوں کے خلاف نا صرف متعلقہ محکمے آپریشن شروع کر دیں گے بلکہ شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ جیسے ہی کسی ایسے غیر ملکی کا پتا چلے تو فوری طور پر 999 پر کال کر کے اس کے بارے میں اطلاع دیں۔

دی گئی مہلت کے دوران خلاف قانون مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو اجازت تھی کہ وہ یا تو اپنا سٹیٹس درست کروائیں یا دوسری صورت میں مملکت سے چلے جائیں۔ نوے دن کی پہلی مہلت 25 جون کو ختم ہوئی تھی جس کے بعد اس میں مزید 90 دن کا اضافہ کیا گیا تھا۔ بعدازاں اضافی مہلت کے ساتھ حتمی تاریخ 14 نومبر مقرر کی گئی تھی۔

سعودی گزٹ کے مطابق حکام نے واضح کیا ہے کہ لاقانونیت کے مرتکب ہونے والے افراد کو پناہ دینے والے، انہیں نقل و حمل کی سہولت یا ملازمت فراہم کرنے والوں کو بھی سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والوں کے بارے میں کوئی معلومات رکھتے ہوں تو 999 پر اطلاع کریں۔