باجوڑ میں افغانستان سے دہشت گرد حملے، افغان سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

باجوڑ ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گرد حملے پر افغان سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور افسر اور جوان کی شہادت پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔
مراسلے میں دہشت گرد حملوں میں افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن اور ایک سپاہی شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے پر بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں 8 سے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی زخمی دہشت گرد افغانستان بھی فرار ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغان سرحد سمیت دیگر علاقوں میں افغان حکومت کی رٹ نہیں ہے، سرحد پر افغان حکومت کا کنٹرول نہ ہونے سے دہشت گرد حملے میں آسانی ہوتی ہے۔