سعودی شہزادوں کی گرفتاری کے بعد پہلی مرتبہ انتہائی طاقتور سعودی شہزادی بول پڑی، ایسی بات کہہ دی کہ پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں کسی شاہی فیصلے کے خلاف آواز اٹھانے کا تصور بھی محال سمجھا جاتا ہے لیکن حال ہی میں کرپشن کے الزاما ت کے تحت گرفتار ہونے والے ایک شہزادے کے حق میں ایک شہزادی نے ہی کھلے عام آواز بلند کر ہر کسی کو حیران کردیا ہے۔

لندن سے شائع ہونے والے اخبار القدس العربی کے مطابق یہ حیران کن کام سعودی شہزادی نوف بنت عبداللہ بنت محمد بن سعود نے کیا ہے، جنہوں نے مطعب بن عبداللہ اور ان کے بھائی شہزادہ ترکی کی گرفتاری پر نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ علی الاعلان ان کی حمایت میں آواز بھی اٹھادی ہے۔ شہزادی نوف بنت عبداللہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ”11سال قبل جب وہ میری والدہ سے ملنے آئے تو انہوں نے قلم اٹھایا اور اس ڈائری میں اپنے الفاظ لکھے۔ خدا میری والدہ کی مغفرت فرمائے۔ دعا کرتی ہوںکہ خدا میرے پیارے، شفیق اور فیاض بھائی مطعب بن عبداللہ کی حفاظت فرمائے۔“ اس کے ساتھ ہی شہزادی نے وہ خط بھی پوسٹ کیا جو مطعب بن عبداللہ نے اپنے ہاتھ سے تحریر کیا تھا اور انہیں 2006ءمیں بھیجا تھا۔

دریں اثناءیہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاﺅن کے نتیجے میں مشرق وسطٰی کا مشہور میڈیا گروپ MBC غیر فعال ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے کیونکہ اس کے چیئرمین شیخ ولید بن ابراہیم کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مقامی نیوز ویب سائٹ اسرار عربیہ کے مطابق اس میڈیا گروپ کے دو اہم صحافیوں نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ العربیہ نیوز چینل کے ایڈیٹر نبیل خطیب نے چند دن قبل استعفیٰ دیا جبکہ مشہور صحافی داﺅد الشیرین نے بھی اتوار کے روز اس میڈیا ہاﺅس کو خیر باد کہہ دیا۔