جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے کل ہونے والے امتحانات ملتوی

شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور مظاہروں کے باعث جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی مذہبی جماعتوں کی جانب سے دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل نے دھرنوں کے باعث کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے اور کہا کہ پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی کے بھی کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جب کہ سندھ مدرسۃ الاسلام کے انٹرویوز اور امتحانات بھی ملتوی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب شہر کی صورتحال کے پیش نظر آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے کل تعلیمی سرگرمیوں کو معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔