طاہرالقادری جب سڑکوں پر نکلیں گے تو ان کے ساتھ ہوں گے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نہتے لوگوں پر گولیاں برسانے والوں کے خلاف جب سڑکوں پر نکلیں گے تو پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہوگی۔ شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو دہشت گردی کے کیس میں اندر جانا چاہیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اور جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی تھیں، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو دہشت گردی کے کیس میں اندر جانا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کے لئے پرامن سیاسی احتجاج کیا تو مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ بنادیا گیا، آمر کی گود میں پلنے والے ہی کسی پر اس طرح دہشت گردی کا کیس کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ طاہرالقادری کو اعتماد دلانا چاہتے ہیں کہ جب وہ سڑکوں پر نکلیں گے تو ان کے ساتھ ہوں گے۔
مزید جانئیے: پارلیمنٹ حملہ کیس؛ عمران خان نے تفتیشی افسرکے سامنے بیان ریکارڈ کرادیا
امریکا کے مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے سفارتخانے کی منتقلی سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ سارے مسلمان ممالک کے سربراہان کو اس معاملے پر کھڑے ہونا چاہیے، ٹرمپ جیسے لوگ مسلمانوں کو انسان ہی نہیں سمجھتے اور وزیراعظم کو بھی ترک صدر رجب طیب اروان جیسا قدم اٹھانا چاہیے۔