آصف زرداری کا طاہرالقادری سے رابطہ، ملاقات پر اتفاق

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری سے ٹیلی فون پر بات کی اور آج اہم ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق نجفی کمیشن رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے ماڈل ٹاؤن واقعے کے ذمہ داران کو مل کر کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری آج لاہور میں سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کریں گے اور ان کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ اور ڈاکٹر قیوم سومرو بھی ہوں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری نے ملاقات کی دعوت دی جس پر ملنے جارہے ہیں لیکن طاہرالقادری سے ملاقات نئی نہیں، ان سے پہلے بھی رابطے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری سے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت تمام ایشوز زیر بحث آئیں گے اور ملک کوعدم استحکام کی صورتحال سے نکالنے پر بات ہوگی۔