پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان، پہلا میچ دبئی اور فائنل کراچی میں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پہلا میچ دبئی اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل تھری میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جبکہ 3 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 22 فروری 2018 کو دبئی میں لیگ کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی اور پہلی مرتبہ ایونٹ کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے ’پلے آف‘ مرحلے میں کوالیفائر میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی مرحلے کے ایلیمنیٹر ون اور ایلیمنیٹر ٹو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلیں گی جبکہ راؤنڈ کے اختتام پر پوائنٹس کی بنیاد پر سرِ فہرست 4 ٹیمیں پلے آف مرحلے میں جانے کی حقدار قرار پائیں گی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 25 مارچ 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔