پاکستان مخالف پروپیگنڈہ ، وزرات داخلہ نے امریکی خفیہ ادارے کا ریڈیو سٹیشن بند کردیا

اسلام آباد ( آن لائن) وزارت داخلہ نے امریکی خفیہ ادارے کے لئے کام کرنے والے ریڈیو سٹیشن ” مشعال ریڈیو“ کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے، ریڈیو سٹیشن پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ملوث تھا۔

وزرات داخلہ نے مشعال ریڈیو کو بند کرنے کا تحریر ی حکم نامہ جاری کردیا ہے ، حکمنامے کے مطابق مشعال ریڈیو پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف تھا اور اس نے پاکستان کو دہشت گردوں کی جنت قرار دیا تھا ۔مشعال ریڈیو نے وائس آف امریکہ کی فریکوینسی چوری کی تھی اور اس کی نشریات پاک افغان سرحد، بلوچستان ، فاٹا اور بیرون ملک جاری تھیں ۔

مشعال ریڈیو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے لئے کام کرتا تھا اور وزارت داخلہ نے شواہد ملنے کے بعد ریڈیو کی بندش کا حکم جاری کیا ہے۔ اس حکمنامے کے بعد وزارت داخلہ نے مشعال ریڈیو کا اسلام آباد دفتر سیل کردیا ہے۔