شارجہ میں نوکری کرنے والے نوجوان کو کفیل نے پاسپورٹ واپس نہ کیا تو اپنی منگیتر سے ملنے واپس اپنے وطن جانے کے لئے اس نے ائیرپورٹ پر کیا کام کر دکھایا؟ جان کر آپ بھی کہیں گے عشق اندھا ہوتا ہے

شارجہ سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک)کہتے ہیں کہ جنگ اور محبت میں سب جائز ہے اور کچھ لوگ اس بات کو واقعی اتنی سنجیدگی سے لے لیتے ہیں کہ دنیا کے ہر قانون کو نظر انداز کرنے پر تیار ہوجاتے ہیں۔ ایک ایسی ہی مثال متحدہ عرب امارات میں مقیم 26 سالہ بھارتی انجینئر نے قائم کی ہے جو بھارت میں مقیم اپنی محبوبہ سے ملنے کے لئے ایسا بے تاب ہوا کہ پاسپورٹ کے بغیر ہی پرواز پکڑنے کے لئے سیدھا رن وے پر جاپہنچا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس نوجوان نے شارجہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی حفاظتی باڑ پھلانگنے کے بعد چپکے سے رن وے کا رخ کیا لیکن پولیس کی اس پر نظر پڑگئی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کا پاسپورٹ کفیل کے قبضے میں تھا اور وہ گھر جاکر اپنی محبوبہ سے ملنے کو بے تاب تھا لہٰذا اس نے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاسپورٹ کے بغیر ہی جہاز میں گھسنے کا پروگرام بنا لیا۔ خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ وہ ہر قیمت پر بھارت جاکر اپنی محبوبہ سے ملنا چاہتا تھا چاہے اس کے لئے اسے کوئی بھی خطرہ مول لینا پڑے۔ وہ رات کے اندھیرے میں ائیرپورٹ کی باڑ پھلانگ کر رن وے تک جا پہنچا لیکن پکڑا گیا۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قسمت آزمانا چاہتا تھا کہ یا تو پاسپورٹ اور ٹکٹ کے بغیر ہی طیارے میں چلا جائے گا یا دوسری صورت میں اسے پکڑلیا جائے گا اور عدالت میں پیش کیا جائے گا اور یوں اسے پاسپورٹ بھی مل جائے گا اور وہ ڈی پورٹ ہوکر اپنے ملک بھی پہنچ جائے گا۔ اس کا یہ حربہ اس لحاظ سے ضرور کامیاب قرار دیا جا سکتا ہے کہ قانونی کاروائی مکمل ہونے کے بعد بالآخر اسے ملک بدر کر کے بھارت پہنچا دیا جائے گا۔