وفاقی کابینہ کی عمان، اٹلی سے ایل این جی معاہدوں کی منظوری

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں عمان اور اٹلی کے ساتھ ایل این جی اور پٹرولیم کے شعبے میں بین الحکومتی معاہدوں پر دستخط سمیت مختلف معاہدوں اور یاد داشتوں کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوا جہاں معروف قانون دان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر اور مرحوم میر ہزار خان بجارانی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
کابینہ اجلاس نے عمان اور اٹلی کے ساتھ ایل این جی اور پٹرولیم کے شعبہ میں بین الحکومتی معاہدوں پر دستخط، کراچی سے کابل تک 01×20 فٹ کنٹینر کی ٹرانزٹ کی اور انسداد دہشت گردی رولز 2018 کی اصولی منظوری دے دی۔
واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ٹیرف برائے مالی سال 2017-18 کے نوٹیفکیشن کی منظوری اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے ٹیرف کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے سی پیک سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کی اور اس سلسلے میں کابینہ کو مزید تفصیلی بریفنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نیو اسلام آباد ائر پورٹ کو جلد فعال کرنے اور مختلف وزارتوں میں اداروں کے سربراہوں کے خالی عہدوں کو پر کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر میں بجلی کی اضافی پیداوار پر اطمینان کا اظہار کیا۔