فیس بک میں ایک اور بہت بڑی تبدیلی، آڈیو اسٹیٹس شیئر کرنے کی سہولت

اگرچہ فیس بک نے چند ماہ قبل ہی سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اپنی نیوز فیڈ کو چینج کیا تھا، جس کے بعد ویب سائٹ پرخبروں اور اشتہار کے بجائے عام افراد کی پوسٹیں زیادہ نظر آنے لگی ہیں۔
تاہم اب فیس بک ایک اور بڑی تبدیلی کرنے پر غور کر رہا ہے، جس کے لیے ابتدائی تجربات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اگرچہ اس وقت فیس بک پراسٹیٹس ویڈیوز، 360 ڈگری تصویری اور جف بھی شیئر کی جاسکتی ہیں، تاہم جلد ہی فیس بک صارفین آڈیو ریکارڈنگ بھی شیئر کرسکیں گے۔
ٹیکنالوجی نشریاتی ادارے ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے ویڈیو کے بعد صارفین کو آڈیو اسٹیٹس شیئر کرنے کی سہولت دینے پر تجربات شروع کردیے۔بتدائی طور پر اس فیچر پر بھارت کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، جو اسے استعمال کر رہے ہیں، تاہم امکان ہے کہ بھارت کے بعد امریکا اور یورپی ممالک کے صارفین کو بھی اس تک رسائی دی جائے گی۔
فیس بک کی جانب سے یہ حالیہ تبدیلی کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب کہ نیوز فیڈ میں تبدیلی کے باعث اس پر تنقید کی جا رہی تھی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ فیس بک پر آڈیو ریکارڈنگ کو شیئر کرنے کے فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد ایک بار پھر اس ویب سائٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین عام موبائل سے بھی اپنی آواز ریکارڈ کرکے شیئر کرسکیں گے۔
اس نئے فیچر کا آپشن پہلے سے موجود اسٹیٹس کے آپشن میں دیا جائے گا، جہاں ویڈیو، تصویر اور اسٹیٹس اپڈیٹ کرنے کے دیگر آپشن موجود ہیں۔
بھارت کے کئی صارفین نے اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بہترین تبدیلی بھی قرار دیا ہے۔