راولپنڈی:فائرنگ سے خوفزدہ لڑکی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر جاں بحق

راولپنڈی کی نجی سوسائٹی میں دو لڑکیوں نے ہوائی فائرنگ سے خوفزدہ ہو کر پانچویں منزل پر واقع فلیٹ سے چھلانگ لگادی، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی جاں بحق جبکہ دوسری زخمی ہوگئی۔
راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں واقع نجی سوسائٹی ’بحریہ ٹاؤن سفاری ولاز ون‘ میں قائم فلیٹ میں نوجوانوں کی پارٹی دیکھ کر فلیٹ مالک نے مشتعل ہو کر ہوائی فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے خوف سے پانچویں منزل پر فلیٹ کی کھڑکی سے چھلانگ لگا کر ایک لڑکی جاں بحق جبکہ دوسری زخمی ہو گئی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) سول لائنز کاظم نقوی نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا فلیٹ کمیٹی چوک میں کار شوروم کے مالک نادر کے پاس تھا، جس نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کے فلیٹ کی چابی شیراز کے پاس تھی جس نے دو لڑکیوں اور دو لڑکوں کو فلیٹ دیا جنہوں نے فلیٹ میں پارٹی شروع کی۔
صبح سویرے جب نادر پہنچا تو اس نے فلیٹ میں لڑکیوں کو دیکھ کر ہوائی فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے خوف سے دو لڑکیوں بسمہ اور شملہ نے پانچویں منزل کی کھڑکی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں بسمہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ شملہ کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ہوائی فائرنگ کرنے والے فلیٹ مالک نادر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، نادر کے ایک ساتھی ذوالقرنین کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ موقع سے شیراز اور اذان فرار ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، جس سے معلوم ہوگا کہ اس کی موت کھڑکی سے کود جانے کی وجہ سے ہوئی یا اسے گولی لگی جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے زخمی لڑکی کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا۔