سینیٹ الیکشن: عائشہ گلالئی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ ڈال دیا

پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والا آج بھی اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آیا، عمران خان اپنے ہی امیدوار کو ووٹ ڈالنے نہیں آئے، پی ٹی آئی کی باغی ایم این اے کی کپتان پر تنقید۔
عائشہ گلالئی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن خوش آئند ہیں، یہ ہارس ٹریڈنگ کر کے قوم کو کیا پیغام دے رہے ہیں، ن لیگ ان امیدواروں کو ٹکٹ دے رہی ہے جو عدلیہ کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں، مشاہد اللہ خان اپنے وزارت کے بجائے اپنے بوس کو خوش کرنے میں مصروف ہیں۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والا آج بھی اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آیا، عمران خان اپنے ہی امیدوار کو ووٹ ڈالنے نہیں آئے، شیخ رشید کو جب وزیراعظم کا امیدوار بنایا تب بھی عمران خان ووٹ ڈالنے نہیں آئے، پرویز خٹک ہارس ٹریڈنگ میں سب سے آگے ہیں۔
پی ٹی آئی کی باغی رکن عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ میں نے نہال ہاشمی کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دی ہے، پارلیمنٹ پہ لعنت بھیجنے والے آج غیر حاضر ہیں۔