ویمنز چمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

جلال الدین کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے ویمنز چمپیئنر ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے لیے بسمہ معروف کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

بسمہ معروف کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم رواں ماہ کے آخرمیں سری لنکا میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز چمپیئنز ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچوں میں شرکت کرے گی جہاں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

قومی ٹیم دورے میں سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جو 20 مارچ سے 31 مارچ کے درمیان شیڈول ہیں۔

ویمنز چمپیئنز ٹرافی کے دوسرے مرحلے میں رواں ماہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

بھارت دوسرے مرحلے کے میچوں میں آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ کی میزبانی کرے گا جو 8 اپریل سے کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم ویمنز چمپینز ٹرافی میں اب تک تین میچوں میں ایک فتح اور دو شکستوں کے ساتھ صرف دو پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں 6 پوائنٹس حاصل کرکے بہترین ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست اور نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

سری لنکا کے خلاف میچوں کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بسمہ معروف (کپتان)، بی بی ناہیدہ، سدرہ امین، جویریہ ودود، فریحہ محمود، منیبہ علی صدیقی، سدرہ نواز، ثنا میر، ندا راشد، کائنات امتیاز، نتالیہ پرویز، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، ڈیانا بیگ، ایمن انور