عامر اور فخر زمان سال 2017 کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر اور بلے باز فخر زمان ون ڈے کرکٹ میں سال 2017 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے، عامر اور فخر زمان کو ایوارڈ چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے پر دیا گیا۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی جانب سے محمد عامر اور فخر زمان کو ون ڈے میں سال 2017 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویب سائٹ کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کو یہ ایوارڈ چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے پر دیا گیا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے، برق رفتار 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جبکہ محمد عامر نے بھارتی اوپنرز کو بروقت آؤٹ کر کے پاکستان کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ محمد عامر نے 16 رنز کے عوض 3 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ویب سائٹ کی جانب سے کہا گیا کہ محمد عامر اور فخر زمان کے علاوہ اور بہت سے کھلاڑیوں نے سال 2017 میں بہترین کارکرگی دکھائی اور ان کے اعداد وشمار ان دونوں کھلاڑیوں سے زیادہ ہیں تاہم محمد عامر اور فخر زمان کو ایوارڈ دینے کی وجہ وہ ماحول ہے جس میں ان دونوں کھلاڑیوں نے یہ شاندار کارکردگی دکھائی۔