کراچی میں شہری سے گن پوائنٹ پر بٹوہ چھین لیا گیا، لیکن پھر اگلے ہی دن چور نے شہری کو ایسا تحفہ بھیج دیا جو وہ کبھی خوابوں میں بھی نہ سوچ سکتا تھا، خوشی سے نہال ہوگیا کیونکہ ۔۔۔

کراچی (آن لائن) شہر قائد میں بے امنی کا تو خاتمہ ہوچکا ہے لیکن سٹریٹ کرمنلز کا خوف آج بھی موجود ہے، اکثر شہری ایک سے زائد بار اپنی قیمتی اشیا اسلحے کی نوک پر گنوا چکے ہیں لیکن ایک ڈاکو نے ’ صلہ رحمی‘ کی انتہا کرتے ہوئے ایک نوجوان کو اس کی لوٹی گئی تمام اشیا بذریعہ ڈاک واپس بھجوا دیں۔

محمد حسن علی نامی نوجوان نے ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ ایک ڈکیتی کی واردات کے دوران اپنے بٹوے سے محروم ہوگیا ، بٹوے میں شناخی کارڈ، یونیورسٹی کارڈ، ڈیبٹ کارڈز اور دیگر اشیا موجود تھیں لیکن جس چیز پر سب سے زیادہ غصہ آیا وہ یہ تھی کہ اس ڈاکو نے صرف 4 منٹ کے اندر میرا ڈیبٹ کارڈ استعمال کیا۔

نوجوان نے کہا کہ جب ڈاکو کی جانب سے اس کا ڈیبٹ کارڈ استعمال کیا گیا تو اس نے فوری طور پر نجی بینک کو کال کی اور کارڈ کی لوکیشن کا پوچھا جس پر آپریٹر نے کہا ’ سر یہ لکھا ہوا نہیں آرہا‘۔ محمد حسن علی نے بتایا کہ وہ اس واردات کے دوران محفوظ رہا لیکن اس کے بٹوے میں ایسی بہت سی چیزیں تھیں جو وہ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتا تھا اور یہ اشیا اس کے دل کے بہت قریب تھیں۔

ٹوئٹر پر نوجوان نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات لکھیں تو شاید ہوسکتا ہے کہ ڈاکو نے بھی یہ سب پڑھ لیا ہو اور اس کے دل میں رحم پیدا ہوگیا ہو کیونکہ اگلے ہی روز ڈاکو نے پیسے اپنے پاس رکھے جبکہ باقی تمام چیزیں واپس بھجوادیں۔ نوجوان نے اپنی اشیا موصول ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ ڈاکو نے میرے بٹوے میں موجود تمام اشیا مجھے بذریعہ ڈاک واپس بھجوادی ہیں‘۔