سعودی عرب نے نیا قانون بنا دیا

ریاض (ویب ڈیسک): سعودی کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو آب زم زم کی صرف ایک بوتل لے جانے کی اجازت ہو گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ فضائی سفر کرنے والوں کےلئے فی مسافر کو آب زم زم کی ایک سے زائد بوتل لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق محکمہ کسٹم کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا کہ فضائی سفر کرنے والوں کو سعودی قانون کے مطابق آب زم زم کی صرف ایک بوتل لے جانے کی اجازت ہو گی۔

حجاج کرام کو ائیر پورٹ پر مخصوص پیکنگ میں آب ز م زم فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آب زم زم کی ان بوتلوں کا مقرر وزن اور مطلوبہ مخصوص معیار ہونا لازمی ہے ۔ ایسے مسافر جو آب زم زم کی ایک سے زیادہ بوتلیں لے جاتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب ہو تے ہیں۔محکمہ کسٹم نے کہا کہ بعض معتمرین اور حجاج اپنے ملک واپس جاتے وقت آب زم زم پلانٹ کے علاوہ باہر سے بھی آب ز م زم خرید لیتے ہیں جو اصل زم زم نہیں ہوتا اور اس میں ملاوٹ کی جاتی ہے یا جعل سازی کے ذریعے اسے زم زم ظاہر کیا جاتاہے۔

کسٹمز حکام نے عازمین حج و عمرہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسافر اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے مقرر کئے گئے آب زم زم کی بوتلیں ہی ائیر پورٹ سے حاصل کریں، کیونکہ باہر سے خریدی گئی آب زم زم کی بوتلوں میں ملاوٹ پائی جاتی ہے۔