پی ایس ایکس میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کےدوسرے روز بھی مندی کا رجحان جاری رہا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 104 پوائنٹس کی تنزلی کے ساتھ 46 ہزار 477 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پی ایس ایکس میں دن کے آغاز میں کاروبار میں تیزی رہی اور دن کی بلند تر سطح 46 ہزار 680 پوائنٹس کو چھو گیا تاہم یہ سلسلہ جلد ہی ٹوٹ گیا اور 46 ہزار 407 پوائنٹس کی نچلی سطح تک پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں 7 ارب 90 کروڑ مالیت کے 22 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا۔
پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 369 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں 199 کے کاروبار میں تیزی، 152 کے لین دین میں تنزلی اور 18 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام رہا۔
مارکیٹ میں کیمیکل کا شعبہ 5 کروڑ 70 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ چھایا رہا جبکہ کوئی اور شعبہ 2 کروڑ کا ہدف بھی حاصل نہیں کرپایا۔
پی ایس ایکس میں (Lotte) کیمیکل پاکستان لمیٹڈ ایک کروڑ 80 لاکھ حصص کے ساتھ سرفہرست کمپنی رہی، اینگرو پولیمر اینڈ کیمکلز لمیٹڈ ایک کروڑ 55 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ 94 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے، نیمیر ریسنز لمیٹڈ بھی 94 لاکھ حصص کے لین دین کے بعد چوتھے اور فوجی فوڈز لمیٹڈ 93 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ پانچویں نمبر پر نمایاں کمپنی رہی۔