اڈیالہ جیل میں تیاریاں پہلے ہی شروع کردی گئیں: نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں تیاریاں پہلے ہی شروع کر دی گئیں، اڈیالہ والوں کو کیسے پتہ چلا کہ کوئی آرہا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ کسی خاص مہمان کی آمد کے لیے اڈیالہ جیل کی صفائی کی خبریں چل رہی ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ جیل میں تیاری پہلےسےشروع کردی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اڈیالہ والوں کو کیسے پتہ چلا کہ کوئی آ رہا ہے، 6 ماہ کی مدت ٹرائل مکمل کرنے کے لیے نہیں بلکہ سزا سنانے کے لیے تھی۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے دائیں بائیں بھی وہی لوگ ہوتے ہیں جو وفاداریاں تبدیل کرتے رہتےہیں جس پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے دائیں بائیں وہ لوگ نہیں بلکہ کمیٹڈ لوگ ہوتے ہیں،ہمارے ساتھ اس وقت وہ لوگ موجود ہیں جو نسلوں سے مسلم لیگی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت میں نیب قوانین کو غیر مؤثر کرنے سے متعلق وزیراعظم سے بات ہوئی ہے، چاہتے ہیں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواوں پر نیب کا دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔
صحافی کے سوال ‘چوہدری نثار کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں، قوم جاننا چاہتی ہے’ پر نواز شریف نے کہا کہ ان کے حوالے سے قوم سب جانتی ہے اور پاکستانی قوم مجھ سے جانے بغیر سب کچھ جانتی ہے۔