وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے خورشید شاہ کی ملاقات، نگراں حکومت پر مشاورت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں نگراں حکومت پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں نگراں وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی سمیت مختلف ناموں پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما کی ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس، قانون سازی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں رواں ماہ پیش کیے جانے والے نئے مالی سال کے بجٹ پر بھی بات کی گئی۔
واضح رہے کہ آئندہ ماہ 31 مئی کو موجودہ حکومت کی 5 سالہ مدت ختم ہونے جارہی ہے، جس کے بعد ایک عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی جو جولائی یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے انتظامات دیکھے گی۔
آئین پاکستان کی رُو سے وزیراعظم، قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران وزیراعظم کا تقرر کرتے ہیں۔
مشاورت کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 3،3 نام دیں گے، جن میں سے پھر ایک متفقہ امیدوار کو نگران وزیراعظم بنایا جائے گا۔