اے پی ایس میں معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی، شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔
پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ موٹر وے نواز شریف کا ویژن تھا اور اب کراچی سے لاہور تک موٹر وے بن رہی ہے۔
شہباز شریف نے تحریک انصاف کے رہنما سراج خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی اور آج عوام اور پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں دہشتگردی بہت کم ہو چکی ہے۔ اس سے قبل شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے۔ پارٹی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف پہلی بار پشاور آنے پر کارکنان کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف 2018ء کےعام انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ خیبر پختونخواہ کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ شہباز شریف خیبرپختونخواہ کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا سے بھی ملاقات کریں گے اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور کی رہائش گاہ پر بھی جائیں گے۔