کور کمانڈر کانفرنس: جیواسٹریٹجک ماحول اور ملکی سیکیورٹی صورتحال پر غور

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن و خوشحالی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔ دہشتگردوں سے پاک علاقے سول انتظامیہ کے حوالے کیے جارہے ہیں۔ امن کے ثمرات فاٹا کو عوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے سے جڑے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت 210ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں ہو ئی جس میں جیواسٹریٹجک ماحول اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔
کانفرنس میں آپریشن ردالفساد اور خوشحال بلوچستان پروگرام کا جائزہ بھی لیا گیا۔
شرکاء نے ملک میں سیکیورٹی استحکام لانے میں تمام قومی اسٹیک ہولڈرز اور دہشتگردی مسترد کرنے میں بالخصوص پر عزم پاکستانیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک فوج ملکی امن و خوشحالی کیلئے قومی اداروں کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔