جنوبی پنجاب دل کے بہت قریب ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام سیاسی قلابازیاں کھانے والوں کو مسترد کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی نے شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نام پر سیاست کرنے والوں نے ہمیشہ اس علاقے کو نظر انداز کیا ہے لیکن جنوبی پنجاب میرے دل کے بہت قریب ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی خوش حالی میرا مشن ہے، ہم نے اس علاقے کی ترقی کے لیے جو کام کیے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ کی تشکیل کے ساتھ ہی مسلم لیگ ن کے اندرونی بحران میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو اس علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر فعال ہونا پڑا۔
جنوبی پنجاب میں اپنی سیاسی ساکھ کو نقصان سے بچانے کے لیے شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے خصوصی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی محمد ارشد خان لغاری، رکن صوبائی اسمبلی محمد ممتاز احمد قیصرانی اور میر بادشاہ قیصرانی شامل تھے۔ اراکین اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہباز شریف کی قیادت میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔
دوسری طرف منحرف ارکان کا مؤقف ہے کہ پنجاب میں ترقی ہوئی، مگر جنوبی پنجاب میں ترقی نہیں‌ ہوئی، محرومیاں بڑھ رہی ہیں۔ ہمیں صرف ہمارا حق چاہیے۔