تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ کو تباہ کردیا: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ کو تباہ کردیا ہے اور اس وقت کے پی کے حکومت 300 ارب روپے کی قرض دار ہے۔
مانسہرہ میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک شخص حق کی بات کرتا ہے اور ہم فرائض کی بات کرتے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر کسی لابی کا راستہ تو نہیں کھولا جا رہا۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق سازش لگتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگلا الیکشن تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا میں آخری الیکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کو مانتے ہیں مگر اس کو چلانے والے ناکام ہو گئے ہیں اور ہماری سیاست و معیشت 70 سال سے قبضے میں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عوام کو ووٹ کی پرچی کا استعمال سمجھنا چاہیے اور ووٹ کو باطل کے مقابلے میں حق کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔