حکومت سے کامیاب مذاکرت کے بعد تحریک لبیک کا دھرنا ختم

تحریک لبیک پاکستان اور پنجاب حکومت کے درمیان طویل مذاکرات کی کامیابی کے بعد لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کردیے گئے۔
دھرنا ختم کرنے کا اعلان تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ نے رات گئے کیا تھا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ حکومت نے فیض آباد دھرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مجلس شوریٰ کے مطابق حکومت نے ہمارے مطالبات منظور کرلیے اور اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ راجا ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں پر قائم مختلف مقدمات کو ختم کرنے پر بھی حکومت نے رضا مندی ظاہر کی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں فیض آباد دھرنے کے دوران جاں بحق ہونے والے 4 افراد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے حکم کے بعد تحریک لبیک کے حفیظ اللہ علوی کی مدعیت میں تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا اور مقدمے میں قتل، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئیں۔