پاکستان کو بھی ’ڈیوڈ وارنر‘مل گیا،دورہ انگلینڈ میں کس جارحانہ مزاج بلے باز کو میدان اُتارنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان نے فخرزمان کو ڈیوڈ وارنر کی طرح اننگز کے جارحانہ آغاز کا موقع دے کر حریف ٹیم کو دباﺅ میں لانے کا منصوبہ بنا لیا۔تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر کی کوچنگ میں قومی ون ڈے ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی اور عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی نمبر ون بن گئے ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں صورتحال زیادہ اچھی نہیں نظر آرہی ،پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ بلے باز یونس خان اور کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی ہی سیریز میں سری لنکا جیسی کمزور ٹیم نے پاکستان کو اس کی پسندیدہ شکار گاہ یو اے ای میں کلین سویپ کرڈالا۔

سری لنکا کیخلاف اس ناکامی نے کوچنگ سٹاف اور کھلاڑیوں کیلئے کئی سوالیہ نشان چھوڑ دیے اور پاکستانی بیٹنگ کے مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے دورہ انگلینڈ کیلئے ممکنہ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم میں جاری ہے۔

مکی آرتھر کی جانب سے اشارہ دیا گیا ہے کہ قومی ٹیم آئر لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کے دوران مشکل کنڈیشنز کا دباﺅ لینے کی بجائے جارحانہ انداز اپنائے گی اور آرتھر کے کہنے پر ہی فخرزمان کو ممکنہ ٹیسٹ پلیئرز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ، ان کا خیال ہے کہ وارنر طویل فارمیٹ میں بھی جارحانہ آغاز کرتے ہوئے حریف ٹیموں کو دباﺅمیں لانے میں کامیاب ہوتے رہے اور فخر زمان بھی اس رول میں پاکستان کیلئے کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں ۔

دورہ برطانیہ ، پاکستان فخر زمان کو ڈیوڈ وارنر کی طرح جارحانہ آغاز کیلئے استعمال کرے گا