پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ایک روزہ میچز کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) کرکٹ ایشیا کپ میں پاک بھارت دنگل کیلیے تین بار میدان سجے گا۔رواں سال یواے ای میں شیڈول کیا جانیوالا ایشیا کپ ٹورنامنٹ قبل ازیں 2008میں متعارف کرائے جانیوالے فارمیٹ کے تحت ہی کھیلا جائیگا،ایونٹ میں شریک 6ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کرکے دونوں سے ٹاپ سائیڈز پر مشتمل سپر 4مرحلہ ہوگا جس کے بعد فائنل کھیلا جائیگا۔

جمعرات کو ایک غیر ملکی ویب سائٹ پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق 18ستمبر سے شروع ہونیوالے ایشیا کپ میں گروپ اے میں شامل پاکستان اور بھارت کا میچ 21ستمبر کو ہوگا۔اگر تیسری کوالیفائر ٹیم نے کوئی اپ سیٹ نہ کیا تو سپر4مرحلے میں روایتی حریف ٹیمیں مقابل ہونگی۔
گروپ بی میں شامل بنگلادیش،سری لنکا اور افغانستان سے رائونڈ آف فور میں کوئی بھی جگہ بنائے،ان ٹیموں کی قوت اور فارم کو دیکھا جائے تو فائنل تک رسائی کیلیے بھی پاکستان اور بھارت کو فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے،امکان یہی ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹائٹل کیلیے برتری کی جنگ لڑیں گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کا ایونٹ میں پہلا میچ 18ستمبر کو کوالیفائر ٹیم سے ہوگا،دوسرا معرکہ بھارت کیساتھ 21تاریخ کو طے ہے،ٹیموں کی پوائنٹس پوزیشن طے ہونے کے بعد سپر 4 راؤنڈ مرحلہ 28 ستمبر تک جاری رہے گا،فائنل 30تاریخ کو ہوگا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے ابوظبی اور دبئی کے نام پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔