وہاب ریاض کو کیوں نکالا؟ مکی آرتھر نے وجہ بتادی

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ وہاب ریاض نے گزشتہ دو سال سے ٹیم کو کوئی میچ نہیں جتوایا، ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو طویل عرصے تک کھیلیں اور کامیابیاں دلائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مکی آرتھر نے کہا کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا لیکن اب کلچر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ ٹیم کا مستقبل ہیں اور اس پر زیادہ محنت کی ضرورت ہے، ہم نوجوان کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کریں گے کیونکہ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوان پلیئرز موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر وہاب ریاض نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیا تھا لیکن مکی آرتھر ان کے پاسنگ مارکس سے خوش نہیں تھے، وہاب نے چھبیس ٹیسٹ میں پاکستان کے لیے 83 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

دوسری جانب وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ اگر انہیں دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے منتخب نہیں کرنا تھا تو پہلے ہی بتا دیا جاتا تاکہ وہ کاؤنٹی سیزن کھیلنے سے منع نہیں کرتے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تربیتی کیمپ میں 5 فاسٹ بولر کو شامل کیا ہے، جن میں محمد عامر، حسن علی، محمد عباس، راحت علی اور میر حمزہ شامل ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف بھی تربیتی کیمپ میں ٹریننگ میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن تھری میں وہاب ریاض شاندار فارم میں نظر آئے تھے اور انہوں نے 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے تمام ہی بلے بازوں کو پریشان کیا اور سیزن میں 18 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر رہے۔