وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے چند روز میں چوہدری نثار کی دوسری ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ شہباز شریف کے دورہ کراچی پر بھی گفتگو ہوئی۔
مسلم لیگ ن کا صدر منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف پہلی بار سندھ کے دورے کے لیے کراچی پہنچ رہے ہیں۔
شہباز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان چند روز میں یہ دوسری ملاقات ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے پارٹی صدر بننے کے بعد چوہدری نثار سے ملاقات کی تھی اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان گزشتہ کئی ماہ سے پارٹی قیادت سے ناراض ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے اہم مشاورتی اجلاسوں میں شرکت کرنا بھی چھوڑ رکھا ہے۔