شبیر قائم خانی کا پاک سرزمین کے کارواں میں شامل ہونے کا فیصلہ

ایم کیو ایم بہادر آباد کے ناراض رہنما شبیر قائم خانی نے پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی میں شامل ہونے کے دعوت کو رد کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان وہ آج مصطفیٰ کمال کے ساتھ پریس کانفرنس میں کرینگے۔
ذرائع کے مطابق شبیر قائم خانی نے چار اپریل کو ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیا تھا، رکن رابطہ کمیٹی شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ آپس کی لڑائی میں بہت کچھ کھودیا، میں نے احتجاجاً کسی یوم تاسیس میں شرکت نہیں کی جب کہ ایم کیو ایم گروپ بندی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
شبیر قائم خانی کا کہنا تھا کہ تقسیم درتقسیم کی وجہ سے ہمیں سخت نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، ہم نے محبت کرنے والے ساتھی گنوادیئے جب کہ پی آئی بی اور بہادر آباد میں اختلافات کی وجہ سے اہم رہنما پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہیں۔