جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر حملہ ،پاک فوج بھی میدان میں آگئی

راولپنڈی ( آن لائن )سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر حملے پر پاک فوج نے اظہار مذمت کردیا ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے موثر کردار کے لیے فریقین کو ریاستی اداروں کا تحفظ یقینی بنا نا چاہیے ۔پاک فوج کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امن و استحکام کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کے لاہور میں واقع گھر کے باہر کل رات اور آج صبح دو بارفائرنگ کی گئی ۔اس حوالے سے سیکیورٹی ادارے تحقیقات بھی کر رہے ہیں ۔جسٹس اعجاز الاحسن پاناما ریفرنس میں نگران جج ہیں،اس کے علاوہ وہ پاناما سمیت اہم مقدمات اور فیصلوں کا حصہ رہے ہیں۔