فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہوگئے، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہوگئے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سید نے پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 
اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں فاروق ستار نے دوست کے گھر میں اکیلے بلا کر ملاقات کی اور مجھے کہا کہ ایک مرتبہ پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام پر مہاجروں کو بلف (گمراہ) کروں گا۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ فاروق ستار نے انیس قائمخانی کو کامران ٹیسوری کے گھر بلایا اور ملاقات کی جس کے دوران کہا کہ میرے لیے کیا پیکج ہے۔
پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے دروازے فاروق ستار پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہیں، پتہ ہے وہ کل سے کس کس سے کال کروا رہے ہیں، اتنا جھوٹا اور شاطر شخص زندگی میں نہیں دیکھا اور رسوائی اس شخص کا مقدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈھائی تین ماہ سے ایم کیو ایم میں ڈرامہ لگا ہے جب کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ پی ایس پی میں لوگ زبردستی آرہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج صبح ایک ہارے ہوئے آدمی نے خود کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کی ہے۔