اصل شیر میرے ججز ہیں جو ملک کو بحران سے نکالیں گے، چیف جسٹس

چیف جسٹس آف میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ جس دن نااہلی کا فیصلہ آیا اس دن عدالت کے باہر بے چاری خواتین کو شیلٹر بنا کر عدلیہ مردہ باد کے نعرے لگوائے گئے، اگر ان میں غیرت ہوتی اور مرد کے بچے ہوتے تو خود سامنے آتے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جاری میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس حکومتی رویے پر خاصے برہم ہوئے، اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے کہا کہ نااہلی کیس پر فیصلے کے بعد عدالت کے باہر عدلیہ مردہ باد کے نعرے لگے، بے چاری خواتین کو شیلٹر کے طور پر سامنے لے آتے ہیں، اگر غیرت ہوتی تو خود سامنے آتے ، مرد کے بچے بنیں اور خود سامنے آئیں۔ دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میں کسی شیر کو نہیں جانتا، اس موقع پر انہوں نے ججز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ اصل شیر ہیں جو ملک کو بحران سے نکالیں گے۔
میڈیا کمیشن کیس کی سماعت کے موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بات زبان سے بڑھ گئی ہے، میڈیا کی آزادی عدلیہ کی آزادی سے مشروط ہے، عدلیہ کمزور ہوگی تو میڈیا کمزور ہوگا اتنا احترام ضرور کریں جتنا کسی بڑے کا کیا جانا چاہیے، کسی کی تذلیل مقصود نہیں ہے۔