یونس خان ناراض ہو کر کوچنگ کورس چھوڑ کر کراچی چلے گئے

یونس خان ناراض ہوکر لیول تھری کوچنگ کورس چھوڑ کر کراچی روانہ ہو گئے۔

گزشتہ سال ریٹائر منٹ کا اعلان کرنے والے سابق کپتان بطور کوچ کیریئر بنانے کے خواہشمند تھے، آسٹریلوی ماہرین کی نگرانی میں ہونے والے لیول تھری کورس میں شرکت کیلیے کراچی سے لاہور بھی آئے، تاہم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ناراض ہو کر واپس روانہ ہو گئے۔

اس فیصلے کی وضاحت کرنے کیلیے یونس خان نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے این سی اے کی جانب سے ای میل کی گئی کہ آپ کی کورس میں شرکت ہمارے لیے باعث اعزاز ہو گی، جب یہاں پہنچا ہوں تو مجھے منیجمنٹ کے ایک سینئر رکن کا کمرہ استعمال کرنے کیلیے کہا گیا، ان کا سامان بھی یہاں پڑا ہے، میرے خیال میں کسی کا کمرہ بغیر اجازت استعمال کرنا میرے لیے بھی شرمندگی کا باعث بنتا، اس لئے کورس میں شرکت کرنے کے بجائے واپس جارہا ہوں۔