بہتر فارم کی وجہ سے امام الحق کو سمیع اسلم پر ترجیح دی، سرفراز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں سمیع اسلم پر امام الحق پر اس لیے ترجیح دی گئی کیوں کہ وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔

آئر لینڈ کے خلاف جمعے سے شروع ہونے والے تاریخ ساز ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اوپنر امام الحق اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو ٹیسٹ کیپ دے گی۔

موسم بہتر ہونے کے بعد جمعرات کو پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نارتھمپٹن شائر کے خلاف چار روزہ میچ کھیلنے والی ٹیم ہی ڈبلن ٹیسٹ کھیلے گی۔

آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں پانچ بولرز شامل ہوں گے جن میں تین فاسٹ بولرز ایک اسپنر شاداب خان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، بارش ہونے کی صورت میں میچ متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو ایک ملین یورو کے بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔ ٹیسٹ میچ کے لئے مالاہائیڈ کی پچ سیم بولنگ کے لئے ساز گار ہے۔

جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور قومی کپتان سرفراز احمد نے واحد ٹیسٹ میچ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب خان نے پریکٹس میچز میں اچھی بولنگ کی لیکن لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، امید کرتے ہیں کہ شاداب خان توقعات پوری کرتے ہوئے اچھا پر فارم کریں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں، آئر لینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے اور وہ اس کے مستحق ہیں، پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ مزید اوپر آئے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز ملنے چاہئیں، پہلا میچ سرد موسم اور دوسرا گرم موسم میں ہوا، ہم نے برطانیہ آکر بھرپور پریکٹس کی ہے، میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز ہے کہ ہم تاریخی ٹیسٹ میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم پر کنٹرول کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے، ہم پورا میچ کھیل کر جیتنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ ٹیسٹ کا درجہ ملنے کے بعد اپنا اولین ٹیسٹ میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔

آئرلینڈ کے خلاف 11رکنی قومی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، حارث سہیل، فخر زمان، امام الحق، محمد عباس، محمد عامر، راحت علی اور شاداب خان شامل ہوں گے۔