رمضان المبارک کا چاند نطر آگیا، پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا

کراچی(ویب ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا ہے، جس کی تصدیق شہادتوں کے بعد کی گئی ہے، پہلا روزہ کل بروز جمعرات کو ہوگا۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا

اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا، جس میں کمیٹی اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک ہوئے.صوبائی اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوئے، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے۔اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی اور ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں نے اجلاس منعقد کیے۔انہوں نے کہا کہ تمام مصدقہ شہادتوں کی روشنی میں اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ رمضان المبارک چودہ سو انتالیس ھجری کا چاند نظر آگیا ہے، پہلا روزہ کل ہوگا۔علاوہ ازیں ماہ رمضان کے چاند کے اعلان کے ساتھ ہی مساجد کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا اور ملک بھر میں تراویح کے اجتماعات کی تیاریاں مذہبی جوش و جذبے سے کی جارہی ہیں۔