رانا ایاز سلیم نے ایسا کیا کام کیا ؟ اے ڈی خواجہ کے بعد آئی جی پنجاب بھی ، مداح نکلے

لاہور(اسد مرزا )انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ دورہ لاہور کے دوران ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم کی شہداء کی ویلفیئر آئی اوردیگر ایپلی کیشنز سے اسقدر متاثر ہو کر انکے دفتربریفنگ لینے پہنچ گئے لیکن پنجاب پولیس کے سربراہ نے محسوس کیا کہ ان ایپلی کیشنز میں وہ بھی بریفنگ لیں اور ذہین آفیسر رانا ایاز سلیم کی حوصلہ افزائی کے لئے خود سی سی پی او آفس لاہور کا دورہ کریں ،جس پر گزشتہ دنوں آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے لاہور آفس کا دورہ کیا۔سی سی پی او آفس آمد پر آئی جی پنجاب کا استقبال سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن رانا ایاز سلیم ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر معین مسعود اور سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد سمیت دیگر افسران نے کیا۔

ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے لاہور پولیس کی جانب سے شروع کی گئی دو نئی موبائل ایپلی کیشنز ’’ سیٹیزن آئی ایپ‘‘ اور’’ ایکس سروس مین ایپ‘‘ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی موبائل ایپلی کیشن ’’سیٹیزن آئی ایپ‘‘ کی مدد سے اب لاہور کا کوئی بھی شہری کسی بھی قسم کی معلومات ، شکایت یا تجویز فوری طور پر لاہور پولیس کے اعلی افسران تک پہنچا سکے گا ۔شہری اس ایپ کی مدد سے ایسی تصاویر اور ویڈیو بھی پولیس افسران تک پہنچا سکیں گے جن سے جرائم کے خاتمے یا ملزمان تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہو ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس فورس سے ریٹائرڈ ہونے والے افسران اور اہلکاروں کے لئے ’’ ایکس مین سروس ‘‘ ایپ تیار کی گئی ہے جس کا مقصد ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم کے خاتمے اور بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے ان کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے موبائل ایپس کی تیاری کے حوالے سے رانا ایاز سلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ایپلیکیشنز کے استعمال سے نہ صرف صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کاروائیوں میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد سازی کی فضا کو مزید مستحکم ہو گی۔