شہباز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں پہلی مرتبہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پہلی مرتبہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔
پارٹی صدارت ملنے کے بعد شہباز شریف پہلی مرتبہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں،پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے 100 سے زائد اراکین شریک ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی اجلاس میں شریک ہیں جب کہ چوہدری نثار کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکمراں جماعت کے صدر شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ متنازع بیان پر اراکین کو اعتماد میں لیں گے جب کہ چیئرمین نیب کی جانب سے جاری نواز شریف کی مبینہ طور پر بھارت رقوم منتقلی سے متعلق جاری کردہ پریس ریلیز کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی بھی زیرغور آئے گی جب کہ شہباز شریف 30ویں آئینی ترمیم پر اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔
اجلاس سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور دیگر منفی ہتھکنڈوں سے ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تاہم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔