کرنل سہیل عابد عباسی شہید کی نمازجنازہ ادا

بلوچستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جام شہادت پانے والے کرنل سہیل عابد کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی ہے، نمازہ جنازہ میں سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کرنل سہیل عابد عباسی شہید کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی ہے، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
اس سے قبل کرنل سہیل عابد عباسی شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے وہاڑی اکیانوے ڈبلیو بی پہنچایاگیاتورقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، شہید کے اہل خانہ ان کے جسد خاکی کو بوسہ دیتے رہے جبکہ اہل محلہ نے اس موقع پر پاک فوج زندہ آباد کے نعرے لگائے۔
نماز جنازہ کی سیکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے پاس رہی ، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس موقع پر موجود رہے۔وہاڑی میں نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد کرنل سہیل عابدعباسی شہید کاجسدخاکی ٹھینگی ائربیس سے تدفین کیلئے راولپنڈی لیجایاجائے گا، جبکہ اسلام آباد کے قریب گاؤں بوگڑی گراں میں ان کی تدفین کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہید کرنل سہیل عابد عباسی کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے ملک وقوم کی خاطر دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت حاصل کی، جبکہ ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ بھائی کی شہادت پر فخر ہے۔ شہید کے پسماندگان میں بیوہ ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔
 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بہادر افواج سرزمین پاک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پر عزم ہو کر لڑتی رہیں گی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔