پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین گتھم گتھا

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین گتھم گتھا ہوگئے جب کہ بعض اراکین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی سربراہی میں جاری تھا کہ اس دوران اپوزیشن نے نوازشریف کے متنازع بیان پر احتجاج کیا تو ٹیکسلا سے (ن) لیگ کےرکن ملک عمر فاروق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ سے متعلق الفاظ کہے جس پر پی ٹی آئی کے ارکان طیش میں آگئے۔
اسپیکر رانا اقبال نے ملک عمر فاروق سے اپنے الفاظ واپس لینے کا کہا لیکن انہوں نے اس سے انکار کردیا۔
تحریک انصاف کے رکن عارف عباسی نے شدید احتجاج کیا اور اس دوران عارف عباسی، (ن) لیگ کے طارق مسیح گل اور شہزاد منشی میں ہاتھا پائی ہوئی۔
اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد اراکین اسمبلی نے بیچ بچاؤ کرایا، اس دوران دونوں پارٹی کے اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے اپوزیشن اور وحید گل نے حکومت کی طرف سے واقعے پر معذرت کی، حکومتی اراکین نے اسمبلی سے باہر آکر اپوزیشن کےخلاف شدید نعرے بازی کی۔