مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، رانا ثناء اللہ

وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے غیر ریاستی عناصر کی بات کی ہے۔ ایسی باتوں کی نشاندہی کرنا محاذ آرائی یا لڑائی نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نوازشریف نے حالیہ بیان میں ایک ایسی نشاندہی کی جسے بھارتی میڈیا نے اچھالا، نوازشریف کی مقبولیت سے خوفزدہ لوگوں نے وہی زبان استعمال کی۔ نوازشریف نے تو غیر ریاستی عناصر کی بات کی ہے۔ ایسی باتوں کی نشاندہی کرنا محاذ آرائی یا لڑائی نہیں ہے تاہم مسلم لیگ (ن) اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اور شفاف الیکشن بہت ضروری ہے، مسلم لیگ (ن) خلائی مخلوق کو شکست دے گی۔ لوٹاساز فیکٹری کا عوام کو بتانا بہت ضروری ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سندھ میں مظفر ٹپی جیسے بندے کو کلین چٹ مل گئی ہے، اگر ان لوگوں کو کلین چٹ مل گئی ہے تو اس ملک میں کرپٹ کون ہے؟ چیئرمین نیب کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے۔ چیئرمین نیب معاملات درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے نیچے وہی نائب ہیں جو ماضی میں تھے۔انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کو اس بنیاد پر گرفتار کیا گیا کہ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی پیش نہیں ہوسکتے۔ انہیں جب پکڑا گیا تو عمران خان نے کہا کہ طوطا پکڑا گیا ہے۔
وزیر قانون پنجاب نے مزید کہا کہ سول سوسائٹی کے بینرز لگے ہیں، لوگوں کو پتہ ہے کہ سول سوسائٹی کہاں سے آتی ہے۔ پاکستان کے عوام کو ہر چیز کی خبر ہے۔ سول سوسائٹی والا کام بند ہونا چاہیے، یہ ملک کو بدنام کرتے رہیں گے۔