الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے الیکشن 2018 کی درج تاریخ ہٹادی گئی

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے انتخابات 2018 کی درج تاریخ 31 جولائی ہٹادی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ اور شیڈول کوئی چھپانے والی بات نہیں، جب اعلان ہوگا تو پوری قوم کے لیے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی جس جگہ پر 31 جولائی کی تاریخ درج ہے وہ ایک ’ایمپٹی لنک‘ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
الطاف خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن غیرملکیوں سمیت تمام مبصرین کو خوش آمدید کہے گا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر الیکشن کی تاریخ 31 جولائی درج کی گئی تھی۔
موجودہ قومی اسمبلی کی مدت اکتیس مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے 60 روز کے اندر الیکشن ہونا ہیں۔
‎الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ کی منظوری صدر مملکت سے لینے کا پابند ہے،صدر مملکت سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرے گا۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا تھا کہ  الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن 2013 کے لیے پولنگ کا انعقاد 11 مئی کو ہوا تھا جس میں پاکستان مسلم لیگ ن نے اکثریت حاصل کی تھی۔
قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے ارکان نے یکم جون 2013 کو حلف اٹھایا تھا اور اس طرح پاکستان کی 14 ویں قومی اسمبلی تشکیل پائی تھی۔
موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی اور نگراں حکومت قائم ہوجائے گی جو قانون کے مطابق 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوتی ہے۔
تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے عام انتخابات وقت پر کرانے پر اتفاق کیا ہے اور امید یہی کی جارہی ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوجائیں گے۔