آرمی چیف سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیرمین کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چیرمین جنرل ژانگ نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچپسی اور علاقائی سلامتی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی گفت گو کی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد و بھروسہ کی بنیاد پر ہیں۔
چینی جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر اور اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں، چین انسداد دہشت گردی کےلیے پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف جنگ قابل تعریف ہے، تمام دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
چینی جنرل نے کہا کہ مشرقی ترکستان تحریک کے خلاف بھی پاکستانی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
جنرل ژانگ نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، منصوبے کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کی سیکیورٹی سے متعلق پاک فوج کی کوششیں قابل تعریف ہیں، ہم سی پیک کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان سے قریبی تعاون کے منتظر ہیں۔
دونوں ممالک نے دو طرفہ دفاعی تعاون کے مختلف مفاہمتوں پر دستخط بھی کیے جبکہ جنرل ژانگ نے یادگار شہداء پر پھول رکھے۔