نگراں وزیراعظم کون؟ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ختم

نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی۔
وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے مجوزہ نام پیش کیے جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نگراں وزیراعظم کے لیے اپنے نام سامنے لائے۔
وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ ‘ کیا اپوزیشن نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دے دی’ جس پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ‘میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے نام پر بحث کریں گے’۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کسی نام پر اتفاق ہونے پر نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے مروجہ طریقہ کار کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کردیا جاتا ہے۔
پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب نگراں وزیراعظم کے لیے کرتا ہے۔