او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم ترکی روانہ

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہو گئے،اجلاس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کے حالیہ واقعات پر غور کیاجائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نور خان ایئر بیس سے خصوصی طیارے پر ترکی روانہ ہوئے،ان کے ہمراہ وزیر خارجہ خرم دستگیراور دیگر اعلیٰ حکام ہیں،ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے انہیں ترکی کی جانب سے بلائے گئے اسلامی تعاون تنظیم کےغیرمعمولی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام کے واقعات پر غور کیاجائے گا۔
گزشتہ روز ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فلسطین کے تنازع کے دور ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے اور پوری مسلم دنیا اس معاملے پرمتحد ہے۔ایک سوال پرڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی ملکی سیاست پراثر انداز ہونے کےلئے پاکستان کارڈ استعمال کرتا ہے،بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستان کے خلاف متحرک ہیں اور وہ ایک منصوبے کے تحت عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کی کوشش کررہاہے۔